• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحان اختر کی والدہ ہنی ایرانی کے ڈرائیور پر 12 لاکھ روپے کے فراڈ کا مقدمہ

ہنی ایرانی اور فرحان اختر—فائل فوٹوز
ہنی ایرانی اور فرحان اختر—فائل فوٹوز

ممبئی پولیس نے معروف فلمی ہدایت کار اور اداکار فرحان اختر کی والدہ ہنی ایرانی کے ڈرائیور اور ایک پیٹرول پمپ کے ملازم کے خلاف 12 لاکھ روپے مالیت کے فیول کارڈز کے غلط استعمال کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرائیور پر الزام ہے کہ اس نے باندرہ کے ایک پیٹرول پمپ پر بار بار فیول کارڈز کو سوائپ کیا اور گاڑیوں میں پیٹرول بھروانے کے بجائے نقد رقم حاصل کی۔

باندرہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق یہ شکایت یکم اکتوبر 2025ء کو ہنی ایرانی کی منیجر دیا بھاٹیہ نے درج کروائی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیور نریش رام ونود سنگھ نے پیٹرول پمپ کے عملے کے رکن ارون امر بہادر سنگھ کی ملی بھگت سے اپریل 2022ء سے ستمبر 2025ء کے درمیان فیول کارڈز کا دھوکا دہی سے غلط استعمال کیا۔

ممبئی پولیس نے ملزمان کے خلاف دھوکا دہی، فراڈ اور مجرمانہ اعتماد شکنی سے متعلق دفعات کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔

یہ فراڈ و دھوکا دہی اس وقت سامنے آئی جب گاڑی کے پیٹرول کے استعمال کے ریکارڈ میں بے ضابطگیاں دیکھی گئیں، مزید جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ جس گاڑی کے فیول ٹینک کی گنجائش صرف 35 لیٹر ہے، اس کے کارڈ سے 62 لیٹر تک کا پیٹرول بھرا جانا ظاہر کیا گیا تھا۔

پوچھ گچھ کے دوران ڈرائیور نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 3 سال سے زائد عرصے سے یہ دھوکا دہی کر رہا تھا، ایک اندازے کے مطابق اس دھوکے اور فراڈ سے خاندان کو تقریباً 12 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید