• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

زندگی میں اچھے بُرے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ ایسے واقعات جو ہمارے ذہنوں میں اللہ سے محبت کا تعلق اُجاگر کردیں، انھیں عوام النّاس تک بھی منتقل کرنا چاہیے۔ مَیں2018ء سے معلّم، نگہت ہاشمی کے ادارے ’’النور‘‘ سے منسلک ہوں۔ الحمدللہ، یہاں قرآنِ پاک کی تعلیم کے ساتھ نیک لوگوں کی صحبت بھی میسّر ہے۔ 

ہماری معلمہ مسز فاخر، النور کے جس کالج میں پڑھاتی ہیں، وہاں بچیوں کو لیپ ٹاپ کی ضرورت تھی۔ کالج کی میڈم نے کچھ لوگوں سے درخواست کی، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ میڈم نے کچھ عرصہ قبل اپنی محدود آمدنی سے بچت کرکے اپنی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے چوالیس ہزار روپے مالیت کا ایک لیپ ٹاپ خرید کر دیا تھا۔ 

بیٹی کو لیپ ٹاپ کے حوالے سے ماں کی پریشانی کا علم ہوا تو اُس نے کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماں سے کہا کہ ’’آپ اپنے کالج کی طالبات کے لیے میرا لیپ ٹاپ لے جائیں۔‘‘ ماں نے اس کی فراخ دلانہ پیش کش پر پریشان ہوکر کہا۔ ’’بیٹی! یہ تو مَیں نے تمہیں تمہاری تعلیم کے لیے خرید دیا ہے، تم اگر یہ مجھے دے دوگی، تو خود کیا کروگی؟‘‘ ماں کی بات پر بیٹی نے عزمِ مصمم سے جواب دیا۔ ’’ممّا! پریشان مت ہوں، آپ میرا لیپ ٹاپ لے جائیں، مجھے جب ضرورت ہوگی، مَیں آپ سے لے لیا کروں گی۔‘‘ بہرحال، میڈم نے ایسا ہی کیا۔

کچھ دنوں بعد اللہ تعالیٰ نے ان ماں بیٹی کو اُن کی نیکی کا صلہ کچھ اس طرح دیا کہ جو ان کے وہم و گماں میں بھی نہ تھا۔ اُن ہی دنوں پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ، مریم نواز نے سرگودھا یونی ورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے یونی ورسٹی کی ذہین طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔ ان طالبات میں میڈم کی لائق فائق بیٹی بھی شامل تھی، جسے بیش قیمت لیپ ٹاپ ملا۔ 

بیٹی کو بیش قیمت لیپ ٹاپ ملنے پر میڈم بہت خوش تھیں، اُن کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اپنے ربّ کا کس طرح شکریہ ادا کریں۔ انھوں نے فرطِ جذبات میں بیٹی سے استفسار کیا کہ ’’کیا تمہیں معلوم تھا کہ تمہیں لیپ ٹاپ ملے گا؟‘‘

تو بیٹی نے بڑی معصومیت سے جواب دیا۔ ’’ماما! یہ تو میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔ یقیناً اللہ کے فیصلے ہمارے گمان سے بڑھ کر ہیں۔‘‘ بے شک، اللہ ربّ العزت بہت نوازنے والا ہے، جو اس کی رضا کی خاطر اپنا مال خرچ کرتا ہے، وہ اس سے کہیں زیادہ نواز دیتا ہے۔ اللہ ہم سب کو خیر کی راہ میں خرچ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (مصباح طیب، سرگودھا)

سنڈے میگزین سے مزید