پاکستانی ڈیجیٹل مواد تخلیق کار و اداکارہ رومیسہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ابتدائی دنوں میں رنگت اور باڈی شیمنگ (جسمانی عیب جوئی) کا سامنا کرنا پڑا۔
حال ہی میں ابھرتی ہوئی اداکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر سمیت مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب میں اپنے آپ کو ٹی وی پر دیکھتی ہوں تو کہتی ہوں کہ میں چبی (موٹی) آرہی ہوں میرا چہرا بہت چبی آرہا ہے لیکن کوئی کچھ نہیں کہتا۔
انہوں نے بتایا کہ لیکن جب میں انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھی تو لوگ میری رنگت کو لے کر باتیں بناتے تھے۔ ایک دو بار تو مجھے وزن کم کے لیے بھی کہا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ سیٹ پر ہنسہ مذاق میں سب کچھ کہہ دیا جاتا ہے، ایک بار ایک ہدایت کار نے سیٹ پر سب کے سامنے کہا کہ مجھے وزن کم کرنے کی ضرورت ہے، پھر سیٹ پر مذاق کرتے ہوئے کہہ دیا کہ اسے کھانا کس نے دیا، جب یہ حد سے گزر گیا تو مجھے رونا آگیا۔
انہوں نے کہا کہ بعدازاں وہ ہدایت کار میرے پاس آئے اور مجھ سے معافی مانگی، تو میں نے کہہ دیا کہ آپ نے سب کے سامنے میرا مذاق اُڑایا تھا تو معافی بھی سب کے سامنے مانگیں جس پر میں انہیں بری لگنے لگ گئی۔
رومیسہ نے کہا کہ یہ سب بالکل ابتدائی دنوں میں ہوا کرتا تھا اب وزن پر نہیں رنگت پر کہتے ہیں لیکن مجھے فرق نہیں پڑتا اتنا اعتماد آگیا ہے۔ اب تو کام بھی دیتے ہیں اور ایسی باتیں بھی بولتے ہیں لیکن پہلے سے کم اور ڈھکے چھپے الفاظ میں۔