سی این این کے ہوسٹ وین جونس نے غزہ کے بچوں کے حوالے سے ادا کیے گئے اپنے غیر سنجیدہ جملوں پر معافی مانگ لی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق معروف امریکی نیوز چینل سی این این کے میزبان وین جونس نے غزہ کے شہید ہونے والے بچوں کے حوالے سے اپنے غیرحساس بیان کو غیر ذمہ داری کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔
وین جونس نے غزہ کے بچوں کی بنائی ہوئی تصاویر کا مذاق اڑایا تھا جو اسرائیلی فوج کی نسل کش کارروائیوں میں شہید ہوگئے تھے۔
وین جونس نے الٹا ایران اور قطر پر الزام دھرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ممالک ٹک ٹاک پر اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر پروپیگینڈا پھیلا رہے ہیں، جہاں آپ کو صرف غزہ کے مرتے ہوئے بچے ہر وقت دکھائی دیتے ہیں۔
وین جونس کے ان جملوں کو معروف امریکی اسلامی اسکالر اور سماجی کارکن عمر سلیمان نے ناپسندیدہ اور عجیب قرار دیا تھا۔
عمر سلیمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وین جونس کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ کو غزہ کے شہید ہونے والے بچوں سے اتنی زیادہ تکلیف ہے تو آپ انہیں شہید کرنا بند کیوں نہیں کردیتے۔
جس پر جونس نے معذرت خواہانہ انداز میں جواب دیا کہ ہاں واقع مجھ سے غلطی ہوگئی، میں نے یہ سب بہت آسانی سے کہہ دیا، یہ غیر حساس تھا۔