فرانسیسی سائیکلسٹ اور سوشل میڈیا اسٹار اوریلین فونتنوئے (Aurélien Fontenoy) نے ایک ناقابلِ یقین کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ایفل ٹاور کی 686 سیڑھیاں سائیکل پر چڑھ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
فونتنوئے نے یہ حیران کن چیلنج صرف 12 منٹ اور 30 سیکنڈ میں مکمل کیا، جو 2002 میں ہیوز رچرڈ کے قائم کردہ سابق ریکارڈ سے تقریباً 7 منٹ کم ہے۔
فونتنوئے ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر لاکھوں مداح رکھتے ہیں، انہوں نے ایفل ٹاور کی دوسری منزل تک سائیکل کے ذریعے پہنچنے کا کارنامہ انجام دیا جو سیڑھیوں کے ذریعے قابلِ رسائی کی بلند ترین سطح ہے۔
انہوں نے سی این این اسپورٹس سے گفتگو میں بتایا کہ اس چیلنج میں پیڈل چلانے کی گنجائش نہیں تھی، اس لیے مجھے بریک کے دباؤ اور ٹائر کے کمپریشن پر انحصار کرنا پڑا، میں مسلسل جمپ کرتا رہا۔
اوریلین فونتنوئے کے مطابق یہ منصوبہ چار سال قبل شروع کیا گیا تھا، لیکن کورونا وبا، اولمپکس اور ایفل ٹاور کی مرمت و رنگ و روغن کے باعث تاخیر کا شکار رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیلنج میں نے تین یا چار سال پہلے پلان کیا تھا، ہر رکاوٹ کے باوجود میں نے اسے نہیں چھوڑا، کیونکہ میں جانتا تھا کہ ایسا موقع بار بار نہیں ملتا۔
فونتنوئے نے بتایا کہ فائنل لائن عبور کرتے ہی میں تھکن سے نڈھال ہوگیا تھا، یہ صرف 12 منٹ کا کام تھا، مگر 12 منٹ تک 100 فیصد توانائی صرف کی، میں بظاہر پُرسکون تھا، مگر اندر بہت دباؤ تھا۔
35 سالہ فونتنوئے پانچ سال قبل ماؤنٹین بائیکنگ کے مقابلوں سے ریٹائر ہو چکے ہیں، اب ایسے منفرد چیلنجز کے ذریعے اپنے شوق کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فونتنوئے کے ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر ایک ایک ملین سے زائد فالوورز ہیں، جہاں وہ چیلنج ویڈیوز، بائیک ریویوز اور ٹریننگ ٹیوٹوریلز شیئر کرتے ہیں۔
فرانسیسی اسٹار نے انکشاف کیا کہ میں ابھی رکا نہیں، اب میرا منصوبہ دنیا کی سب سے اونچی عمارتوں کو چڑھنے کا ہے اور آخرکار، میں برج خلیفہ پر سائیکل کے ذریعے چڑھنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔