کینیڈین یوٹیوبر دنیا کا سب سے کم قد ونگ واکر بن گیا، جان فرگوسن نے یہ ثابت کردیا کہ اگر آپ مختلف ہیں تو بھی آپ اپنے خواب پورے کرسکتے ہیں۔
27 سالہ جان جنہیں achondroplasia dwarfism ہے، انہوں نے برطانیہ کے شدید برسات والے موسم میں ایک طیارے کے اوپر کھڑے ہو کر آسمان کی بلندیوں کو چھو لیا۔
وہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا میں اُڑتے ہوئے 1.24 میٹر (4 فٹ 1.12 انچ) قد کے ساتھ دنیا کے سب سے چھوٹے مرد وِنگ واکر بن گئے، اس سے قبل یہ ریکارڈ برطانوی شہری کیرن شاہ کے پاس تھا، جن کا قد 1.263 میٹر تھا اور یہ ریکارڈ 2010 سے قائم تھا۔
جان نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک ناقابلِ فراموش تجربہ تھا، آسمان میں اتنی بلندی پر ہونا ایک نرالا تجربہ تھا، زندگی میں ہم اکثر اپنے آرام دہ دائرے میں قید رہتے ہیں، لیکن کبھی کبھار کوئی خوفناک کام کرنا ضروری ہے تاکہ ہمیں اپنی زندگی کی قدر ہو۔
انہوں نے بتایا کہ یہ خیال انہیں اپنے یوٹیوب چینل کے لیے منفرد ویڈیو بنانے کی سوچ کے دوران آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا انگلینڈ میں کرنے کے لیے سب سے پاگل پن والے کام کون سے ہیں؟ جب میں نے وِنگ واکنگ دیکھی تو میں نے کہا کہ کیا یہ واقعی ممکن ہے؟ پھر میں نے تحقیق کی اور سوچا کہ اگر کچھ دیوانہ پن کرنا ہے تو یہ بہترین موقع ہے۔
جان نے بتایا کہ پرواز کے دوران ایک لمحے میں میں نے سمجھا کہ جہاز کا پائلٹ ایندھن ختم کر بیٹھا ہے، وہ اچانک نیچے کی طرف گیا اور مجھے لگا ہم گرنے والے ہیں، مگر پھر اچانک اوپر اُڑ گیا، اُس لمحے میری سانسیں رک گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران ہوا میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑنا ایک پاگل پن کا تجربہ تھا، لاکھوں بوندیں چہرے پر پڑ رہی تھیں، ایسا لگا جیسے گاڑی میں بیٹھ کر سر کھڑکی سے باہر نکال کر بھاگ رہے ہوں۔
واضح رہے کہ وِنگ واکنگ (Wing Walking) ایک خطرناک ایئر اسپورٹ ہے جس میں کوئی شخص جہاز کے پروں پر بندھ کر اڑان بھرتا ہے۔