پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ وسیم اکرم نے تمام بحث کو ختم کرتے ہوئے واضح طور عمران خان کو پاکستان کا عظیم ترین کرکٹر قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وسیم اکرم نے لکھا کہ پاکستان نے عمران خان جیسا کرکٹر کبھی پیدا نہیں کیا، ملکی تاریخ کا سب سے عظیم کرکٹر ایک ہی ہے، کپتان عمران خان، برائے مہربانی یہ بحث اب ختم کر دیں۔
وسیم اکرم کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی، جہاں مداحوں اور سابق کھلاڑیوں نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔
اس سے قبل بھی وسیم اکرم نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری کرکٹ میں کامیابیوں کے پیچھے سب سے بڑا کردار عمران خان کا تھا، وہ بہترین کپتان تھے جن کے ماتحت میں نے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے ہمیں اعتماد دیا، خود مثال قائم کی اور ہمیشہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھا۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ لوگ اکثر انہیں قدرتی ٹیلنٹ کا حامل کہتے ہیں، مگر عمران خان نے سب کچھ محنت اور عزم سے حاصل کیا، وہ قدرتی ٹیلنٹ والے نہیں تھے، لیکن انہوں نے انتھک محنت کی، اپنا بولنگ ایکشن بھی مکمل طور پر تبدیل کیا جو مہینوں لگاتا ہے اور اکثر کامیاب نہیں ہوتا، مگر انہوں نے کر دکھایا۔
وسیم اکرم نے 1984 میں عمران خان کی قیادت میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور بعد میں دونوں نے 1992 کے ورلڈکپ کی تاریخی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
عمران خان نے اپنے شاندار کیریئر میں 88 ٹیسٹ میچز میں 3 ہزار 807 رنز بنائے، جس میں 6 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 362 وکٹیں 22.81 کی اوسط سے حاصل کیں۔
ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 175 میچز کھیلے، 3 ہزار 709 رنز بنائے اور 182 وکٹیں حاصل کیں۔