چین کے صوبہ ہونان میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک چار سالہ بچی رہائشی عمارت کی 20ویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر محفوظ رہی، کیونکہ ایک خاتون نے اسے پکڑ کر اس کی جان بچا لی۔
رپورٹس کے مطابق وو یومے نامی خاتون اپنی 14ویں منزل کے اپارٹمنٹ میں رات کا کھانا پکا رہی تھی کہ اچانک انہیں کھڑکی کے باہر ایک زور دار آواز سنائی دی۔
انہوں نے باہر دیکھا تو 13ویں منزل کی کھڑکی کے چھجے پر ایک بچی لٹکی ہوئی تھی جو توازن کھو بیٹھی اور 20ویں منزل سے گرنے لگی تھی، وو یومے نے فوراً بچی کا ہاتھ مضبوطی سے تھام لیا اور اپنے 16 سالہ بیٹے کو پولیس اور فائر بریگیڈ کو فون کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے بچی کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ گھبرانا مت، پولیس اور فائر فائٹرز جلد پہنچ جائیں گے۔
اسی دوران عمارت کے رہائشیوں نے اس منظر کی ویڈیو بنا کر گروپ چیٹ میں پوسٹ کی جس کے بعد 14ویں منزل پر موجود دو افراد فوری مدد کے لیے پہنچے، انہوں نے خاتون کی مدد سے بچی کو مضبوطی سے تھام لیا۔
کچھ ہی دیر بعد فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے ہال کی کھڑکی توڑ کر حفاظتی رسیاں تیار کیں اور بچی کو بحفاظت عمارت کے اندر کھینچ لیا۔
بچی کے بچ جانے کے بعد معلوم ہوا کہ وو یومے کے ہاتھ زخمی ہوگئے تھے، تاہم وہ بہت خوش تھیں کہ وہ ننھی جان کو بچانے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں خوفزدہ تھی اور مسلسل رو رہی تھی، ڈر لگ رہا تھا کہ بچی میرے ہاتھوں سے نہ پھسل جائے، جب وہ محفوظ ہوگئی تو میری ٹانگیں جواب دے گئیں اور میں فرش پر گر گئی، مگر میں بے حد خوش تھی۔
بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اسے کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔
اگلے روز بچی کے والدین نے وو یومے سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ہیرو قرار دیا۔