وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی جو بات مریم نواز کو ناگوار گزری اس کا انہوں نے جواب دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اکثر معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا کئی معاملات پر اختلاف بھی رہا ہے اور دونوں جماعتوں نے اکٹھے جدوجہد بھی کی ہے۔
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مخالف سیاسی جماعتیں ہیں مگر دشمن سیاسی جماعتیں نہیں، بلاول بھٹو نے جو پریس کانفرنس میں گفتگو کی اس پر ہمیں اعتراض ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلاول جو تجاویز دے رہے ہیں، اس سے لگا وہ کہہ رہے ہیں کہ شاید ہم کام ٹھیک نہیں کررہے، پی پی چیئرمین کی گفتگو مریم نواز کو ناگوار گزری ہے۔
رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بات ہوگی تو مریم نواز کی ذمے داری ہے کہ وہ اس کا جواب دیں اور انہوں نے بلاول بھٹو کی جو بات ناگوار گزری اس کا جواب دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز صرف وزیراعلیٰ پنجاب نہیں اپنی جماعت کی لیڈر بھی ہیں، ہر سیاسی جماعت کا کارکن اپنی جماعت کے رہنما کا دفاع کرتا ہے۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو کو کوئی بات سمجھائی یا کہی جاسکتی ہے تو وہ صدر آصف زرداری صاحب کہہ سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر مریم نواز کے ساتھ کوئی بات ہوسکتی ہے تو شہباز شریف یا نواز شریف کرسکتے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے صاف الفاظ میں کہا کہ آصف زرداری، شہباز شریف یا نواز شریف کی سطح پر جس دن بات ہوگی، تو یہ سب ختم ہوجائے گا۔