جینز کی جیبوں پر لگے چھوٹے چھوٹے بٹن دیکھ کر یہ سوال تو کئی لوگوں کے ذہن میں آیا ہوگا کہ یہ بٹن کس مقصد کے لیے لگائے جاتے ہیں؟
دراصل یہ بٹن جینز پر ایسی جگہ لگے ہوتے ہیں جہاں پر جینز پہنتے اور اتارتے ہوئے کافی کھچاﺅ پڑتا ہے اور جینز کے پھٹنے کا ڈر ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے پھٹنے سے بچانے کے لیے اس پر بٹن لگائے جاتے ہیں۔
جینز کی تاریخ بہت دلچسپ ہے، 1870ء کی دہائی میں صرف مزدور طبقہ ہی جینز پہنا کرتا تھا اور یہ بہت جلد پھٹ جاتی تھیں۔
اس وقت ایک مزدور کی بیوی اس صورتحال سے تنگ آگئی اور اس نے درزی سے درخواست کی کہ وہ سخت کپڑے کی ایسی پینٹ بنائے جو آسانی سے پھٹ نہ سکے۔
مزدور کی بیوی کی درخواست پر جیکب ڈیوس نامی درزی نے ایک ایسی پینٹ تیار کی جس کے ان حصوں پر چھوٹے چھوٹے دھاتی بٹن لگائے جہاں زیادہ دباﺅ پڑتا تھا تاکہ اسے پھٹنے سے بچایا جا سکے۔
پینٹ کا یہ ڈیزائن مارکیٹ میں آتے ہی ہٹ ہوگیا اور پھر جیکب ڈیوس نے ایک کاروباری شراکت دار لیوی اسٹروس کے ساتھ شراکت داری کی اور ان دونوں نے 1873ء میں پینٹ کے اس ڈیزائن کو رجسٹرڈ کروا لیا پھر 1960ء کی دہائی میں اس پینٹ کو جینز کہا جانے لگا۔