• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں کیلئے ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہیے، وزیراعظم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام نے ناقابلِ بیان مصائب برداشت کیے ہیں، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے معاہدے کا اعلان تاریخی موقع ہے۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذاکرات کے عمل میں عالمی امن کے لیے غیر متزلزل عزم دکھایا۔

وزیراعظم نے قطر، مصر اور ترکیہ کے رہنماؤں کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے معاہدے کے لیے انتھک کوششیں کیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں، ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہیے۔

وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزیوں پر اظہارِ تشویش اور اس کی مذمت بھی کی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین سے معاہدے کی شرائط کی مکمل پاسداری کی اپیل کی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، لڑائی ہمیشہ کے لیے بند ہونی چاہیے۔ غزہ میں انسانی امداد اور ضروری تجارتی سامان کے داخلے کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ 

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جنگ روکنے اور غزہ میں یرغمال قیدیوں کی رہائی کے لیے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر مصر میں دستخط کر لیے گئے ہیں، تاہم امن ڈیل پر باضابطہ دستخط آج دوپہر کیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید