• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کی صحت کے لیے مفید قرار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اگر آپ دن کا زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو صرف چند منٹ کی جسمانی سرگرمی بھی آپ کے دل کی صحت (کارڈیو فٹنس) کو بہتر بنا سکتی ہے، یہ بات حال ہی میں شائع ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع اس تحقیق کے مطابق دن بھر میں چند منٹ کے لیے جسمانی طور پر متحرک رہنا دل، پھیپھڑوں اور دیگر اعضا کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔

کارڈیو فٹنس کیا ہے؟

تحقیق میں بتایا گیا کہ کارڈیو فٹنس سے مراد جسم کی آکسیجن جذب کرنے اور اسے دیگر اعضا تک پہنچانے کی صلاحیت ہے، جو دل کی صحت اور مجموعی توانائی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

 زیادہ وقت بیٹھنے کے نقصانات

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً ایک تہائی بالغ افراد اور 80 فیصد نوجوان وہ جسمانی سرگرمیاں نہیں کرتے جن کی تجویز عالمی ادارۂ صحت دیتا ہے یعنی ہفتے میں کم از کم 150 منٹ کی ورزش۔

مختصر ورزش کے حیران کن اثرات

تحقیق میں ایسے 414 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جو زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے تھے، انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ 5 منٹ یا اس سے کم دورانیے کی معتدل جسمانی سرگرمی جسے ماہرین ایکسسرسائز اسنیکس (Exercise Snacks) کہتے ہیں کریں۔

زیادہ تر نوجوانوں نے سیڑھیاں چڑھنے کو اپنی روزمرہ کی عادت بنایا، جبکہ معمر شرکا نے ٹانگوں کو مضبوط کرنے والی ہلکی ورزشیں کیں، یہ معمول 4 سے 12 ہفتوں تک جاری رہا۔

نتائج کیا نکلے؟

نتائج میں دیکھا گیا کہ دن میں چند بار مختصر جسمانی سرگرمی کرنے والوں کی کارڈیو فٹنس میں نمایاں بہتری آئی، ان کے خون میں چکنائی کی سطح بہتر اور دل کی صحت مضبوط ہوئی۔

ماہرین کی رائے

محققین کا کہنا ہے کہ چھوٹی چھوٹی ورزشیں روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا  ناصرف ممکن ہے بلکہ مؤثر بھی، اگر آپ لفٹ کے بجائے چند منزلوں تک سیڑھیاں چڑھنے کو معمول بنا لیں تو یہ آپ کے دل کے لیے ایک قدرتی دوا کی طرح کام کرے گا۔

صحت سے مزید