پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز کی جانب سے قائم مقام چئیرمین سیدال خان ناصر کے خلاف سینیٹ میں شدید احتجاج کیا گیا۔ پی ٹی آئی سینیٹرز نے سیدال خان ناصر کے استعفی کا مطالبہ کیا۔
سینیٹ کا اجلاس قائم مقام چئیرمین سیدال خان ناصر کی زیر صدارت شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا گزشتہ اجلاس کے دن آپ کا سینیٹ اجلاس میں اچھا کردار نہیں تھا۔ مجھے آپ پر اعتبار اور بھروسہ نہیں کہ آپ اس چئیر پر بیٹھیں۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ آپ ایسے نہیں جو اپنے ساتھی سینیٹرز کی عزت کا خیال کریں۔ آپ سینیٹ چیئرمین کی نشست سے اتریں۔
سینیٹر طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ اس دن چیئرمین صاحب آپ کو بھی گالیاں دی گئی تھیں۔ تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دیں۔
پی ٹی آئی ارکان نے قائم مقام چیئرمین سیدال خان ناصر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے خلاف نعرے لگائے کہ ڈپٹی چیئرمین استعفیٰ دو، اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان ڈیسک بجاتے رہے۔
تحریک انصاف کے ہنگامے کے دوران سینیٹ میں وفقہ سوالات جاری رہا، اس دوران پیپلز پارٹی کا بائیکاٹ بھی جاری رہا اور پیپلز پارٹی ارکان سینیٹ میں نہیں آئے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹز ایوان سے چلے گئے اور سینیٹر عبدالقادر نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ ایوان میں گھنٹیاں بجائی گئیں۔
پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ ایوان میں کورم پورا ہے سیدال خان ناصر نے کہا ہماری کوشش تھی بلوچستان پر بات کرتے لیکن آپ نے دھمال ڈال دیا۔ آپ دھمال جاری رکھیں۔
سینیٹ کا اجلاس جمعہ گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔