پنجاب میں دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 اور ایم 5 کئی مقامات سے بند کر دی گئیں۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 درخانہ سے رجانہ تک، موٹر وے ایم 3 ہی جڑانوالہ سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک اور موٹر وے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔
قومی شاہراہ پر کسوال،اقبال نگر، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا ہے کہ قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 100 میٹر تک ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کاباعث ہو سکتی ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔