سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواری نے کہا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر ویرات کوہلی، روہت شرما اور دیگر سینئر کھلاڑیوں کو ریٹائر ہونے پر مجبور کر رہے ہیں۔
منوج تیواری نے ایک بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کی انتظامیہ کے حالیہ فیصلوں میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ برا سلوک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ کیوں چھوڑی ہوگی؟ اس نے انگلینڈ کی سیریز کے لیے پہلے ہی سے تیاری شروع کر دی تھی لیکن ماحول نے اسے یہ احساس دلوایا کہ ٹیم میں اس کی اب کوئی ضرورت نہیں ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ جب ایک کھلاڑی کو لگتا ہے کہ اس کی ٹیم میں ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی اس کی عزت ہے تو کھلاڑی کبھی اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ سکتا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہتی ہے تو روہت شرما بھی جلد ریٹائرمنٹ لینے پر غور کر سکتے ہیں۔
منوج تیواری نے شبھمن گل کی بطور کپتان ترقی کے وقت پر بھی سوال اٹھایا۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ واضح طور پر تمام فارمیٹس میں ایک ہی کپتان چاہتے ہیں، لیکن ابھی کیوں جب روہت شرما ٹیم کی اچھی قیادت کر رہے تھے؟
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ویرات اور روہت دونوں نے بھارتی کرکٹ کے لیے جو کچھ کیا ہے اس کے بعد ان کے ساتھ ایسا سلوک ان کی بے عزتی کرنے سے کم نہیں ہے۔