بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر روہتک میں جے پور سے ماں کی میت لانے والا نوجوان ٹریفک حادثے میں چل بسا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 24 سالہ کرات اور اس کے دو رشتہ دار خاتون کی میت جے پور سے ہریانہ لے جانے کیلئے ایمبولینس کے ساتھ اپنی کار میں سفر پر نکلے تھے کہ اس دوران روہتک کے ایک فلائی اوور پر ٹریفک حادثے میں تنیوں چل بسے، حادثے میں ان کی کار سڑک پر کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی تھی۔
مرنے والا کرات اپنی والدہ جگندر کور کی میت لیکر گھر آرہا تھا، وہ جمعرات کو جے پور میں گردے کی پیوندکاری کے دوران چل بسی تھیں، خاتون اینٹی ٹیرارزم اسکواڈ (اے ٹی ایس) میں بطور اے ایس آئی خدمات انجام دے رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں خاتون سمیت 4 افراد سوار تھے، حادثہ صبح ساڑھے 4 بجے پیش آیا، ٹکر اتنی شدید تھی کہ اس سے کار کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور گاڑی کی کھڑکیاں کاٹ کر زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں 3 افراد کی موت کی تصدیق ڈاکٹرز نے کی جبکہ ان میں ایک خاتون دلبر شدید زخمی ہیں جو تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
میتیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ کار اور ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجہ ڈرائیور کا ڈرائیونگ کے دوران اونگھ جانا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق خاندان رات گئے جے پور سے میت لانے کے بعد سفر میں تھا، غالباً ڈرائیور کو کھڑے ٹرک کا اندازہ نہیں ہوا اور گاڑی تیز رفتاری سے اس سے ٹکرا گئی۔