• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل آفریدی پیر کو نئے قائدِ ایوان منتخب ہوں گے، سلمان اکرم راجا

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر کو موصول ہو گیا ہے، گورنر نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ فائل فوٹو
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر کو موصول ہو گیا ہے، گورنر نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ فائل فوٹو 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا  کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا، قائد ایوان کا انتخاب ہوگا، سہیل آفریدی نئے قائدِ ایوان ہوں گے۔

 پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر کو موصول ہو گیا ہے، گورنر نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے، آرٹیکل 130 شق 8 کے تحت وزیرِ اعلیٰ استعفیٰ دے تو منظوری ضروری نہیں ہوتی، وزیرِ اعلیٰ گورنر کے ماتحت نہیں کہ گورنر استعفے کی منظوری دیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ صوبہ نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھے گا، سہیل آفریدی نہایت پُرعزم نوجوان ہیں، وہ قبائلی علاقے سے پہلے وزیرِ اعلیٰ ہوں گے، ان کی قیادت میں صوبہ ترقی کرے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی یا حکومت تبدیلی لا سکتی ہے، یہ ایک جمہوری اور پارلیمانی سیاسی عمل ہے، وزیرِاعلیٰ کی کابینہ میں نئے چہرے شامل ہوں گے، وزیرِ اعلیٰ سے حلف لینا گورنر کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس صوبے میں خونریزی ختم ہو، ہم دہشت گردوں کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں رکھتے۔

قومی خبریں سے مزید