بھارتی ڈراموں کی اداکارہ سے سیاستدان بننے والی سمرتی ایرانی نے بتایا ہے کہ ایک بار کنگ خان شاہ رخ خان نے مجھ سے کہا تھا کہ شادی مت کرنا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمرتی ایرانی نے شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات کا دلچسپ قصہ بیان کیا ہے۔
ہندوستان کی سب سے زیادہ پہچانی جانے والی سیاسی شخصیات میں سے ایک بننے سے پہلے سمرتی ایرانی کا بالی ووڈ کی اہم شخصیات سے غیر متوقع سامنا ہوا تھا جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ ایک یادگار ملاقات بھی شامل ہے جسے وہ آج بھی خوش دلی سے یاد کرتی ہیں۔
مشہور ٹی وی ڈرامہ سیریل ’ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے سے پہلے سمرتی کے شوہر زوبین ایرانی نے انہیں ہندی سنیما کے کچھ بڑے آئیکونز سے متعارف کرایا تھا جن میں شاہ رخ خان بھی شامل ہیں۔
حالیہ انٹرویو میں سمرتی نے انکشاف کیا ہے کہ میں پہلی بار اپنے شوہر کے توسط سے شاہ رخ سے ملی تھی، میرے شوہر اور شاہ رخ دوست ہیں، میں اکثر زُبین سے کہتی تھی کہ شاہ رخ سے انٹرویو دلوا دو، آخرکار جب ملاقات ہوئی تو شاہ رخ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’سنو! شادی مت کرنا، میں بتا رہا ہوں، مت کرنا شادی‘ تو میں نے جواب دیا کہ ’بھائی، اب تو بہت دیر ہوچکی ہے‘۔
یہ مزاحیہ گفتگو ناصرف شاہ رخ خان کے مخصوص دلکشی بھرے انداز کو ظاہر کرتی ہے بلکہ سمرتی کے برجستہ مزاح کو بھی نمایاں کرتی ہے، جو آج تک ان کی شخصیت کا حصہ ہے۔
سمرتی نے فلم کے سیٹ پر اپنے سب سے پہلے تجربے کو بھی یاد کیا، جس میں اتفاق سے شاہ رخ خان بھی شامل تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ کے ساتھ عزیز مرزا کی ایک فلم تھی جس میں میرا پہلا شاٹ تھا اور ایک چھوٹا سا کردار تھا۔
سمرتی نے انکشاف کیا کہ میں نے اس شاٹ میں وہی مشہور سیاہ لباس پہنا ہوا تھا جو منیشا کوئرالہ نے فلم ’اکیلے ہم، اکیلے تم‘ کے ہٹ گانے ’راجہ کو رانی سے پیار ہو گیا‘ میں پہنا تھا، انہوں نے مجھے وہ لباس پہننے اور بس وہاں کھڑا رہنے کو کہا، اس وقت میں کیمرے کے سامنے پہلی مرتبہ آئی تھی۔
سمرتی نے بالی ووڈ کا ایک اور ناقابلِ فراموش لمحہ بھی شیئر کیا جب سپر اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان سے ان کی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ سینٹ زیویئرز میں سلمان خان اور میرے شوہر ہم جماعت تھے، لہٰذا پہلی بار جب زوبین مجھے سلمان سے ملانے لے گئے، تو سلیم خان وہاں موجود تھے، جنہوں نے مجھ سے کہا کہ تم کو معلوم ہے کہ تمہارے میاں صاحب میرے بیٹے کے ساتھ کیا کرتے تھے؟ یہ دونوں میری کار چوری کر کے بھاگ جاتے تھے، نکمے ہیں دونوں۔
سمرتی نے بتایا کہ میں وہاں خاموشی سے کھڑی رہی جب کہ سلمان اور میرے شوہر زوبین دونوں شرمندگی سے نیچے دیکھ رہے تھے۔
شاہ رخ خان کی فلم میں ایک معمولی کردار سے لے کر ڈرامہ سیریل ساس بھی کبھی بہو تھی اور پھر بھارتی پارلیمنٹ تک کے سفر کے دوران سمرتی ایرانی نے اپنی غیر معمولی شناخت بنائی۔