• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: اپنے ساتھ افیئر چلانے والے تاجر کی قاتل انتہا پسند خاتون رہنما گرفتار

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارت میں اپنے ساتھ افیئر چلانے والے تاجر کو 3 لاکھ روپے سپاری دے کر قتل کروانے والی ہندو انتہا پسند تنظیم کی خاتون رہنما پوجا شکون پانڈے کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ علی گڑھ سے تعلق رکھنے والی اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی عہدیدار پوجا شکون پانڈے تاجر ابھیشیک گپتا کے قتل کی مرکزی ملزمہ ہے، اسے آج  بھرت پور (راجستھان) سے گرفتار کیا گیا۔

23 ستمبر کو 30 سالہ تاجر ابھیشیک گپتا کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق اس قتل کی منصوبہ بندی پوجا شکون پانڈے اور اس کے شوہر نے کی تھی اور شوٹروں کو 3 لاکھ روپے کی سپاری دی گئی تھی۔

پوجا شکون پانڈے قتل کی رات سے فرار تھی اور اس کی گرفتاری پر 50 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ابھیشیک کے والد نیرج گپتا نے سنگین الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے کے پوجا شکون پانڈے کے ساتھ تعلقات تھے، جب ابھیشیک نے اس تعلق سے کنارہ کشی اختیار کی تو پوجا نے انتقاماً قتل کی سازش رچائی۔

خیال رہے کہ پوجا شکون پانڈے کو 2019 میں مہاتما گاندھی کے قتل کی ڈرامائی عکاسی کی ویڈیو وائرل کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، ویڈیو میں اس نے پستول سے مہاتما گاندھی کے مجسمے کو گولی ماری تھی اور انہیں قتل کرنے والے شخص ناتھو رام گوڈسے کے مجسمے کو ہار پہنائے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید