بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کاس گنج میں ساس سے مبینہ ناجائز تعلقات کا علم ہونے پر نوجوان نے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم پرمود کے اپنی ساس کے ساتھ کافی عرصے سے مبینہ تعلقات چل رہے تھے، جس کا علم اس کی بیوی شیوانی کو ہوا تو گھر میں جھگڑے شروع ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیوانی کی شادی پرمود نامی شخص سے 2018ء میں ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے بھی ہیں، تاہم کچھ عرصے بعد پرمود نے اپنی ساس کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کر لیے، جس سے گھر میں تنازعات بڑھ گئے۔
انہی تعلقات پر ہونے والے جھگڑوں کے دوران پرمود نے اپنی بیوی شیوانی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ 24 سالہ شیوانی کی لاش سسرال کے صحن سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے مقتولہ کے اہلِ خانہ کی شکایت پر پرمود اور اُس کے اہلِ خانہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
خاتون کے قتل کے بعد سوشل میڈیا پر پرمود اور اُس کی ساس کی مبینہ نازیبا تصاویر تیزی سے گردش کرنے لگیں، جس نے پورے علاقے میں ہلچل مچا دی۔