برطانیہ کے ساحل پر پائے جانے والے ایک ڈھانچے کی شناخت ایکتھیوسورز کی ایک نئی نسل کے طور پر کی گئی ہے، یہ قدیم زمانے کا سمندر میں رینگنے والا جانور ہے جو کبھی سمندروں پر راج کرتا تھا۔
ڈولفن کے سائز کی اس مخلوق کو’سورڈ ڈریگن آف ڈورسیٹ‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ یہ ڈھانچہ برطانیہ کی ڈور سیٹ کاؤنٹی کے قریب سے دریافت ہوا تھا۔
مانچسٹر یونیورسٹی نے اس دریافت کے بارے میں کہا کہ یہ ڈھانچہ اپنی نوعیت کی واحد معروف مثال ہے اور ایکتھیوسورز کے ارتقائی فوسل ریکارڈ میں ایک اہم خلا کو پُر کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔
یہ دریافت ایکتھیوسورز کے ماہر ڈین لومیکس کی قیادت میں کی گئی ہے۔
ایکتھیوسورز رینگنے والے جانور تھے جنہوں نے اپنی زندگی پانی کے نیچے گزاری۔
سورڈ ڈریگن ابتدائی جوراسک دور کا ہے جو آج سے تقریباً 190 ملین سال پرانا تھا، یہ ڈھانچہ 2001ء میں ڈورسیٹ کاؤنٹی میں گولڈن کیپ کے قریب دریافت ہوا تھا، لیکن اس کا تجزیہ ماہرین حیاتیات نے حال ہی میں مکمل کیا ہے۔
اس ڈھانچے میں کھوپڑی، ایک بڑی آنکھ اور ایک لمبی تلوار جیسا منہ شامل ہے جسے جلد ہی کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے رائل اونٹاریو میوزیم میں نمائش کے لیے پیش کیا جانے والا ہے۔