امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے ہاف مون بے میں منعقدہ عالمی چیمپئن شپ ایک کاشتکار کے 2 ہزار 346 پاؤنڈ وزنی کدو نے جیت لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2024ء کے مقابلے میں سانتا روزا کے رہائشی برینڈن ڈاسن کا 2 ہزار 465 پاؤنڈ وزنی کدو دوسرے نمبر پر رہا تھا، وہ بالآخر اس سال ایونٹ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اس موقع پر گزشتہ سال 2 ہزار 471 پاؤنڈ کے کدو کے ساتھ مقابلہ جیتنے والے ٹریوس گینگر نے کہا کہ جو کدو میں نے اس سال کے مقابلے کے لیے اگانے کی کوشش کی تھی وہ سیزن کے شروع میں ہی پھٹ گیا تھا، اس لیے میں نے 2025ء کے ایونٹ میں اپنے دوستوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک تماشائی کے طور پر شرکت کی ہے۔
ڈاسن کو کدو کے فی پاؤنڈ 9 ڈالرز کے حساب سے21 ہزار 114 ڈالرز کا انعام دیا گیا۔
مقابلے کے ضوابط کے مطابق اگر کوئی حصہ لینے والا اس مقابلے میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتا ہے تو اُسے 30 ہزار ڈالرز کا اضافی انعام بھی دیا جاتا ہے۔
اس نوعیت کا کارنامہ ٹریوس گینگر نے 2023ء کے مقابلے میں انجام دیا تھا تھا جب ان کا کدو 2 ہزار 749 پاؤنڈز (تقریباً 1247 کلوگرام) وزنی تھا جس کے وزن کے باعث اُس وقت نیا ورلڈ ریکارڈ قائم ہوا تھا۔