• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپورٹس پریزنٹر ایرن ہالینڈ کے دیسی انداز کے چرچے

تصاویر:سوشل میڈیا
تصاویر:سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مشہور آسٹریلوی میزبان اور کرکٹ کا معروف چہرہ ایرن ہالینڈ ان دنوں لاہور میں موجود ہیں، جہاں ان کا ایک مِسٹری شوٹ جاری ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

ایرن ہالینڈ پاکستان کی ثقافت اور روایتی فیشن سے اپنی محبت کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر لاہور سے اپنی چند حسین تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گھر واپس جاتے ہوئے لاہور میں ایک چھوٹا سا پڑاؤ، سچ کہوں تو دیسی فیشن کتنا خوبصورت ہے۔

ان تصاویر میں ایرن نے پاکستانی ملبوسات کے دلکش امتزاج سے سب کو متاثر کیا، سیاہ شفون ساڑھی کے ساتھ رنگین کڑھائی والا بلاؤز، سیاہ موتیوں سے سجا گاؤن اور چمکدار سلور سیکوئنز والے گرین لباس میں ان کا انداز نہایت شاندار اور روایتی پاکستانی خوبصورتی کا مظہر ہے، ایک تصویر میں وہ میک اپ چیئر پر شوٹ کی تیاری کرتی بھی دکھائی دیتی ہیں۔

ایرن کی پوسٹس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے بھی کمنٹ میں ان کی خوبصورتی کی تعریف کی، اس شوٹ کے دوران انہوں نے کرکٹ پریزینٹر زینب عباس کے ساتھ بھی ایک تصویر شیئر کی، یہ تصویر لاہور کے ایک کیفے کے باہر لی گئی تھی۔

ایرن ہالینڈ ہمیشہ سے پاکستانی کرکٹ کلچر میں گھل مل جانے کے لیے مشہور رہی ہیں، پی ایس ایل کے دوران وہ اکثر روایتی مشرقی لباس میں نظر آتی ہیں اور اپنے خوشگوار انداز سے مداحوں کے دل جیت لیتی ہیں، رواں سال کے آغاز میں انہوں نے فرشی فیشن ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے مشہور برانڈ کی فرشی شلوار سوٹ بھی زیب تن کیا تھا۔

اگرچہ ان کے تازہ شوٹ کی تفصیلات ابھی منظرِ عام پر نہیں آئیں، تاہم مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ کسی نئے برانڈ یا کرکٹ شو کا حصہ ہوسکتا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ ایرن ہالینڈ صرف میزبان ہی نہیں بلکہ ایک ماڈل بھی ہیں، انہوں نے مس ورلڈ آسٹریلیا 2013 کا اعزاز جیتا تھا۔ بعدازاں انہوں نے کرکٹ شو ہوسٹنگ کا آغاز کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید