فیفا کے صدر جیانی انفنتینو کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد فٹبال کی تمام سہولتیں دوبارہ فراہم کی جائیں گی۔
جیانی انفنتینو نے یہ اعلان غزہ میں امن کے لیے مصر میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی مشترکہ صدارت میں ہونے والی اس اجلاس کا مقصد غزہ میں دو سال سے جاری اسرائیلی جارحیت کے جنگ بندی کروانا اور غزہ میں طویل مدتی استحکام اور تعمیر نو کی بنیاد رکھنا تھا۔
اس اجلاس میں پاکستان، عرب دنیا اور یورپ سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں کے علاوہ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس سمیت دیگر نے شرکت کی۔
جیانی انفنتینو کی اس اجلاس میں شرکت اجلاس کے سب سے قابل ذکر لمحات میں سے ایک کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اُنہوں نے اجلاس میں کہا کہ ہم غزہ میں یقیناً فٹبال کی تمام سہولتوں کی تعمیر نو میں مدد کریں گے۔
فیفا کے صدر نے کہا کہ ہم فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ملک کے کونے کونے میں فٹ بال کو واپس لانے میں مدد کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیفا غزہ میں فٹ بال کو دوبارہ لائے گا، پچیں بنائے گا، انسٹرکٹرز لائے گا اور مقابلوں کے انعقاد میں مدد کرے گا۔
جیانی انفنتینو نے کہا کہ ہم فلسطین میں فٹ بال کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں مدد کے لیے ایک فنڈ شروع کریں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غزہ میں فٹبال کو واپس لانے کے لیے پوری دنیا اپنا حصہ ڈالے کیونکہ فٹبال بچوں کے لیے امید لاتا ہے، یہ بہت اہم ہے۔
واضح رہے کہ فیفا پر اسرائیل کی فٹبال سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔