• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیا کے سابق وزیراعظم رائیلا اوڈنگا 80 برس کی عمر میں بھارت میں انتقال کرگئے

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا 

 کینیا کے ممتاز اپوزیشن رہنما اور سابق وزیراعظم رائیلا اوڈنگا 80 برس کی عمر میں بھارت کی ریاست کیرالہ میں علاج کے دوران انتقال کر گئے۔ 

اسپتال اور مقامی پولیس کے مطابق اوڈنگا کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

کیرالہ کے اسپتال نے  تصدیق کی کہ اوڈنگا کو بدھ کی صبح چہل قدمی کے دوران دل کا دورہ پڑا۔ وہ اپنی بہن، بیٹی، ذاتی معالج اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ تھے۔ انہیں فوری طور پر قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈنگا گزشتہ چند ہفتوں سے کیرالہ کے شہر کوچی میں علاج کروا رہے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی کینیا کے صدر ولیم رُٹو نے نیروبی کے نواحی علاقے کارن میں اوڈنگا کے گھر پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

1945 میں پیدا ہونے والے رائیلا اوڈنگا کینیا کی آزادی کے بعد ملک کے پہلے نائب صدر کے صاحبزادے تھے اور نصف صدی سے زیادہ عرصے تک ملکی سیاست میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔ وہ لوؤ قبیلے سے تعلق رکھتے تھے اور ایک انقلابی و جمہوریت پسند رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اوڈنگا نے 1997 سے 2022 تک پانچ بار صدارتی انتخابات میں حصہ لیا مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ 2007 کے متنازعہ انتخابات کے بعد ان کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں نے ملک کو شدید سیاسی تشدد میں جھونک دیا تھا، جس میں تقریباً 1300 افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے جمہوری اصلاحات کی جدوجہد کے ذریعے 1991 میں کثیر الجماعتی سیاست اور 2010 میں نیا آئین متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے حامی انہیں پیار سے ’’بابا‘‘ کہتے تھے، جبکہ سیاسی حریف انہیں ’’اگوامبو‘‘ (پُراسرار شخص) کے نام سے یاد کرتے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید