• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فہد مصطفیٰ نے مجھے نظر انداز نہیں کیا: سارہ عمیر

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے فہد مصطفیٰ سے متعلق نظر انداز کیے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مجھے نظر انداز نہیں کیا۔

سارہ عمیر نے 2008 میں پی ٹی وی کے ڈرامے تھوڑا سا آسمان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے طویل عرصے بعد میڈیا پر واپسی کی ہے، وہ روگ، کٹھ پتلی اور مائے نی جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کے باعث ناظرین میں پہچانی جاتی ہیں۔

 سارہ عمیر نے اے آر وائی کے ریئلٹی شو دیسی کڑیاں کا سیزن بھی جیتا تھا، شادی کے بعد انہوں نے شوبز سے وقفہ لیا اور اب دوبارہ منظرعام پر آئی ہیں۔

حال ہی میں سارہ عمیر ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ریئلٹی شو تماشہ کے دوران فہد مصطفیٰ کی جانب سے نظرانداز کیے جانے سے متعلق افواہوں پر کھل کر بات کی۔

سارہ عمیر نے کہا کہ یہ بات مشہور ہوگئی تھی کہ فہد مصطفیٰ نے مجھے تماشہ کے دوران نظرانداز کیا، یہاں تک کہ میرے گھر والے بھی پوچھنے لگے کہ کیا تمہارے اور فہد کے درمیان سب ٹھیک نہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ مجھے ان کی آمد کا علم ہی نہیں تھا، میں شور سن کر بعد میں وہاں پہنچی، انہوں نے مجھے دیکھا تو سلام کیا اور کہا کیسی ہو بہن؟

انہوں نے مزید بتایا کہ میں ہمیشہ صوفے کے اس حصے میں بیٹھی ہوتی تھی جو کیمرے میں نہیں آتا تھا، فہد نے مجھ سے بات شروع کی کہ کون ہے جسے گھر کی یاد آ رہی ہے؟ تو میں نے کہا کہ مجھے اپنے بچوں کی یاد آ رہی ہے، انہوں نے میرے لیے افسوس کا تاثر دیا، لیکن میں نے گفتگو کو لمبا نہیں کیا میں عام طور پر زیادہ بات نہیں کرتی، فہد سے میری پہلے بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور میں نے ہمیشہ انہیں ایک پروفیشنل کو ایکٹر کے طور پر دیکھا ہے، وہ دوسروں سے زیادہ باتیں کر رہے تھے کیونکہ وہ سب کے لیے ایک اسٹار تھے، اگر میں نے بھی کچھ ایسا کہا ہوتا تو وہ میرے ساتھ بھی وہی رویہ رکھتے، وہ واقعی ایک شاندار انسان ہیں۔

سارہ عمیر کا کہنا تھا کہ اس وضاحت کے بعد میرے خاندان اور دوستوں کے تمام سوالات ختم ہوگئے ہیں۔

اداکارہ کے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کی سنجیدگی اور شائستہ رویے کو سراہا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید