بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں وینٹی لیٹر منتقل کردیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق دھرمیندر کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت ہوئی تھی وہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
اداکار دھرمیندر 8 دسمبر 2025 کو اپنی 90ویں سالگرہ منائیں گے۔ اپریل میں ان کی آنکھوں کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا۔
دھرمیندر نے 1960 میں فلم دل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ ابتدائی دور میں انہوں نے عام آدمی کے کرداروں کے ذریعے شہرت حاصل کی، جن میں ان پڑھ، بندنی، انوپما اور آیا ساون جھوم کے جیسی فلمیں شامل ہیں۔
بعدازاں انہوں نے ایکشن اور کامیڈی کرداروں سے اپنی پہچان مزید مضبوط کی اور بلاک بسٹر فلم شعلے اور دھرم ویر، چپکے چپکے، میرا گاؤں میرا دیش، ڈریم گرل جیسی یادگار فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔
دھرمیندر کو آخری بار فلم تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ان کی آئندہ فلم اکیس ہے، جس میں امیتابھ بچن کے نواسے آگستیا نندا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔