اٹلی کی معروف ماڈل اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار پامیلا جینینی کو اُس کے بوائے فرینڈ نے چاقو کے 24 وار کرکے قتل کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 29 سالہ ماڈل کا اپنے 52 سالہ بوائے فرینڈ جیان لوکا سونچن سے گھر پر جھگڑا ہوا تھا، اس دوران اس نے جینینی کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
پڑوسیوں نے جھگڑے کی آوازیں سننے کے بعد پولیس کو اطلاع دی، مگر پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی خاتون دم توڑ چکی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے جسم پر چاقو کے 24 سے زائد زخم پائے گئے۔ سونچن نے قتل کے بعد خودکشی کی کوشش میں اپنی گردن دو بار کاٹ لی، مگر اسے زندہ حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ پولیس کی حراست میں زیر علاج ہے۔
پڑوسیوں کے مطابق انہوں نے ایک شخص کو جھگڑے سے پہلے اپارٹمنٹ میں داخل ہوتے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی، مگر وہ جینینی کو بچا نہ سکے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جینینی اپنے بوائے فرینڈ سے تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کر چکی تھی، جس کے باعث دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔
پولیس نے فلیٹ کو سیل کر کے فارنزک ٹیم کو تحقیقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔ حکام یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا دونوں ایک ہی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے یا نہیں۔
پامیلا جینینی ایک معروف ماڈل ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری خاتون بھی تھیں۔ وہ میلان میں ہائی فیشن مہمات کا حصہ رہ چکی تھیں۔
وہ ایک برانڈ کی مالک ہونے کے ساتھ رئیل اسٹیٹ کا بزنس بھی چلاتی تھیں، وہ 18 سال کی عمر میں اطالوی ٹی وی پر متعارف ہوئیں، گزشتہ سال وہ وینس فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر بھی دیکھی گئی تھیں۔