اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فائرنگ کرکے 11 سالہ بچے محمد الحلاق کو شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے قصبے ار ریحیہ میں 11 سالہ بچے کو نشانہ بنایا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ قابض فوج اور یہودی آبادکاروں کی بڑھتی ہوئی تشدد کی لہر نے مغربی کنارے کے فلسطینیوں کی زندگی مزید غیر محفوظ بنا دی ہے۔
دوسری جانب غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل کی دو سالہ بمباری کے بعد خطے میں اب بھی تقریباً 70 ملین ٹن ملبہ اور کھنڈر موجود ہیں۔
ادھر الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے یونیسیف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو فوری طور پر غزہ کے بارڈر کراسنگز دوبارہ کھولنے چاہئیں تاکہ بچوں سمیت غذائی قلت کے شکار فلسطینیوں تک ہنگامی امداد پہنچ سکے۔