بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں نجی انجیئنرنگ کالج میں طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی بنگلور کے ایک نجی انجینئرنگ کالج میں 21 سالہ طالب علم نے اپنی ساتھی طالبہ کو لڑکوں کے باتھ روم میں زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جیون گوڑا جو چھٹے سمسٹر کا طالب علم ہے اسے بدھ کے روز گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ 10 اکتوبر کو پیش آیا جس کی شکایت ساتویں سمسٹر کی متاثرہ طالبہ نے 15 اکتوبر کو درج کروائی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ طالبہ اور ملزم پہلے ہم جماعت رہ چکے تھے، تاہم جیون گوڑا تعلیمی تاخیر کے باعث ایک سال پیچھے رہ گیا تھا۔ واقعے کے دن اس نے متاثرہ کو ساتویں منزل پر واقع آرکیٹیکچر بلاک کے قریب بلایا اور زبردستی کی۔
طالبہ کے انکار پر ملزم نے اس کا لفٹ کے ذریعے چھٹی منزل تک تعاقب کیا، اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس دوران ملزم نے طالبہ کا موبائل فون بھی چھین لیا تاکہ وہ کسی سے رابطہ نہ کر سکے۔
یہ شرمناک واقعہ دوپہر میں تقریباً 1:30 سے 1:50 کے درمیان پیش آیا، متاثرہ طالبہ نے بعد ازاں اپنے دو دوستوں کو واقعے سے آگاہ کیا اور بعد میں والدین کے ہمراہ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، تاہم متعلقہ فلور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی کے باعث شواہد اکٹھا کرنے میں دشواری کا سامنا ہے، تاہم فرانزک اور ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب واقعے پر بی جے پی نے ریاستی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں قانونی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، صرف 4 ماہ میں 979 جنسی حملوں کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 114 بنگلور سے ہیں۔
ابھی تک کالج انتظامیہ نے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔