• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ایم بی بی ایس کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی، حالت تشویشناک

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک اور ایم بی بی ایس کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

مغربی بنگال کے شہر درگاپور میں اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والی ایک 23 سالہ ایم بی بی ایس کی طالبہ کے ساتھ جمعہ کی رات اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ درگاپور کے آئی کیو سٹی میڈیکل کالج میں زیرِ تعلیم تھی اور واقعہ کالج کے گیٹ کے قریب پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق طالبہ اپنے ایک دوست کے ساتھ باہر گئی تھی، کچھ لوگوں نے دونوں کو روکا اور لڑکی کو ایک ویران علاقے میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ طالبہ کے والد کا کہنا ہے کہ اُس کا دوست موقع سے فرار ہو گیا، ہمیں شک ہے کہ وہ بھی واقعے میں ملوث ہے۔

طالبہ کے والد نے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی کا  دوست "بہانے سے اسے سنسان جگہ پر لے گیا"، جہاں حملہ آوروں نے اُس کا موبائل فون اور 5,000 روپے بھی چھین لیے۔

متاثرہ طالبہ کو درگاپور کے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے کئی افراد سے، بشمول اُس کے دوست، پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ جبکہ طالبہ کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ  گزشتہ مہینوں میں مغربی بنگال میں خواتین کے خلاف تشدد کے متعدد واقعات نے ترنمول کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جولائی میں کلکتہ کی جنوبی کلکتہ لاء کالج کی ایک طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، جبکہ اگست 2024 میں آر جی کار میڈیکل کالج کی ایک ڈاکٹر کے قتل اور زیادتی کے بعد ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید