• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرامے کے گانے پر جھگڑا، احمد جہانزیب نے جویریہ سعود کے دعوے کی حقیقت بتا دی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار احمد جہانزیب نے امریکا میں منعقدہ حالیہ ایوارڈ شو میں ڈرامہ سیریل عشق مرشد کے انتہائی مقبول اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) کے لیے بہترین او ایس ٹی کا اعزاز حاصل کیا۔

بعدازاں نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اعزاز حاصل کرنے پر اپنے تاثرات پیش کیے اور ساتھ ہی مذکورہ او ایس ٹی پر ہونے والے تنازعے پر بھی لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ او ایس ٹی الحمدللّٰہ میں نے ہی لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور اس ایوارڈ کو حاصل کرنے میں مجھے 25 سال لگے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ’عشق مرشد‘ کا او ایس ٹی پہلے سے نہیں لکھا گیا تھا بلکہ میں نے ہدایت کار فاروق رند کو تجویز دی تھی کہ بلال عباس اور درفشاں کی پہلی ملاقات کے منظر کے دوران ایک نیا گانا پس منظر میں ہونا چاہیے، کیونکہ کوئی شاعر نہیں تھا، اسی لیے میں نے راتوں رات گانا لکھا، جو سب کو پسند آیا۔

گلوکار کے مطابق اس گانے کو لے کر کچھ تنازعہ ہوا ہے، لیکن اس بارے میں فی الحال بات نہیں کرنا چاہتا۔

احمد جہانزیب نے کہا کہ میرے ارد گرد بہت سے لوگ ہیں، جن سے میں مشورہ ضرور لیتا ہوں کہ کوئی لائن مناسب ہے یا نہیں، لیکن اس مشورے سے کسی دوسرے کو کریڈٹ نہیں ملتا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس گانے پر میں نے تنہا محنت کی تھی، تاہم اس کی کامیابی کا سہرا عوام کو جاتا ہے، میں ان کا مقروض ہوں کہ انہوں نے اسے اتنا پسند کیا کہ اس نے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ جویریہ سعود نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سُپر ہٹ ڈراموں کے او ایس ٹی لکھے مگر کسی نے کریڈٹ نہیں دیا جس میں عشق مرشد کا او ایس ٹی بھی شامل ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید