ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے تک پہنچ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پشاور، لاہور، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں آج (اتوار کے روز) ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی سپلائی متاثر ہونے سے قیمتیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔
کوئٹہ میں بھی ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، 50 روپے مزید اضافے کے بعد شہر میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 350 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
اندرونِ شہر بعض علاقوں میں ٹماٹر 400 روپےفی کلو تک میں بھی فروخت کیا جا رہا ہے، گزشتہ روز شہر میں ٹماٹر 300 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا تھا۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹماٹر 400 روپے کلو اور کہیں کہیں اس سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ نئی فصل نہ ہونے کی وجہ سے ہوا ہے، اس کےعلاوہ ایران سے کم سپلائی اور افغانستان سے سپلائی متاثر ہونے اور دوسری جانب طلب میں اضاف کی وجہ سے بھی ٹماٹر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔