پنجاب کے شہر سرگودھا میں امریکا کی مشہور عمارت کیپٹل ہل سے مشابہت رکھنے والی ایک شاندار محل نما عمارت زیرِ تعمیر ہے، جو ہر کسی کی توجہ کا خاص مرکز بنی ہوئی ہے۔
فیصل آباد روڈ پر ایک ایکڑ رقبے پر تعمیر کی جانے والی یہ تین منزلہ رہائش گاہ اپنی طرزِ تعمیر اور دلکش ڈیزائن کے باعث دیکھنے والوں کو حیران کر رہی ہے، اس عمارت کا اندازِ تعمیر جدید فنِ تعمیر کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس کی ساخت امریکا کی سرکاری عمارت ’کیپٹل ہل‘ سے خاصی مماثلت رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ منصوبہ گزشتہ چار برسوں سے جاری ہے، جس میں کشادہ کمرے، میٹنگ ہال، لفٹ اور گنبد نما چھت شامل ہیں جو اس کی شان و شوکت میں اضافہ کرتے ہیں، منصوبے کی تکمیل میں مزید ایک سال کا عرصہ درکار ہوگا۔
عمارت کے حسن میں اضافے کے لیے نایاب پودے اور آرائشی سامان ناصرف پاکستان کے مختلف شہروں بلکہ بیرونِ ملک سے بھی منگوایا جا رہا ہے تاکہ یہ رہائش گاہ اپنی انفرادیت اور خوبصورتی کے باعث نمایاں نظر آئے۔
اس زیرِ تعمیر محل نے عوام میں خاصی دلچسپی پیدا کر دی ہے، شہری ناصرف اس کے ڈیزائن کی تعریف کر رہے ہیں بلکہ انجینئرز کی مہارت اور لگن کو بھی سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کیپٹل ہِل واشنگٹن ڈی سی کا ایک علاقہ ہے، جہاں امریکی کانگریس اور سپریم کورٹ واقع ہیں۔ یہ امریکی حکومت کا مرکز ہے، جہاں امریکی کیپیٹل بلڈنگ، سپریم کورٹ اور لائبریری آف کانگریس موجود ہیں۔