مصنف: ڈاکٹر حمید رضا صدیقی
صفحات: 144، قیمت: درج نہیں
ناشر: قلم فاؤنڈیشن، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
قائدِ اعظمؒ، علّامہ اقبال اور نظریۂ پاکستان کے فروغ کے لیے جن شخصیات نے خود کو وقف کررکھا ہے، اُن میں ایک نام پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی کا بھی ہے۔ زیرِ نظر کتاب، علّامہ اقبالؒ کی شخصیت کے سیاسی پہلوؤں پر لکھے گئے مضامین کا مجموعہ ہے اور بقولِ مصنّف’’اِن مضامین کے لکھنے کا بنیادی مقصد، نوجوان نسل کو اقبالؒ کی شخصیت کے سیاسی پہلوؤں کو آسان زبان اور پیرائے میں رُوشناس کروانا ہے۔
اقبال کی سیاسی بصیرت، اقبال بحیثیت سیاست دان، اقبال اور نظامِ سیاست، اقبال اور پنجاب اسمبلی کا الیکشن، اقبال اور پاکستان کا نظامِ حکومت، اقبال کا خطبۂ الہٰ اباد، اقبال اور دو قومی نظریہ، گول میز کانفرنسیں اور اقبال، اقبال کا تصوّرِ قومیت، اقبال اور قائدِ اعظم، اقبال اور حضرت مجددِ الف ثانیؒ، فکرِ اقبال اور عصرِ حاضر، اقبال کی نثری تخلیقات، اقبال اور اقتصادیات، اقبال اور ایران، اقبال کے آخری پانچ سال، مکمل متن خطبۂ الہٰ آباد، اور حیاتِ اقبال اہم یادداشتیں جیسے عنوانات سے بھی کتاب کی اہمیت و افادیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
نیز، کتاب اور صاحبِ کتاب سے متعلق علّامہ عبدالستار عاصم کا مضمون بھی بہت معلوماتی ہے۔ یقیناً نئی نسل اقبال کے سیاسی افکار و نظریات کے مطالعے سے اپنی عملی زندگی کی راہیں متعیّن کرسکتی ہے، جب کہ ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کتاب کا انتساب بھی نئی نسل کے نام کیا ہے۔