• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا ایف بی آئی پروین بابی کیخلاف سازش کر رہا تھا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اپنی زندگی کے آخری حصے میں ذہنی بیماری کا شکار ہونے والی بالی ووڈ کی معروف و باصلاحیت اداکارہ پروین بابی کو اپنی زندگی میں اس بات کا یقین ہوگیا تھا کہ ایف بی آئی (امریکی ادارہ) ان کے خلاف سازش کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروین بابی کو آج بھی ان کی خوبصورتی اور جرات مندانہ کرداروں کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔

حال ہی میں اداکارہ پوجا بیدی نے ایک انٹرویو میں ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والد کبیر بیدی ایک وقت میں پروین بابی کے قریبی دوست تھے۔ جب میں برسوں بعد بھارت واپس آئی تو ان سے ملنے گئی، میں انہیں دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پروین بابی کافی بدلی ہوئی لگ رہی تھیں، ان کا وزن بڑھا ہوا تھا، بال بکھرے ہوئے تھے اور چہرے پر تھکن تھی، مگر وہ مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوئیں۔ ہم باتیں کر رہے تھے کہ اچانک انہوں (پروین بابی) نے کہا کہ میں کھانا پیش نہیں کر سکتی کیونکہ میں صرف انڈے کھاتی ہوں۔

میں نے ان سے پوچھا کہ آپ صرف انڈے کیوں کھاتی ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ’یہ واحد چیز ہے جس میں وہ ملاوٹ نہیں کر سکتے‘، جب میں نے پوچھا، ’وہ، کون؟‘تو انہوں نے کہا، ’سیکرٹ سروس یا ایف بی آئی‘۔

پوجا بیدی کا کہنا تھا کہ پروین سمجھتی تھیں کہ ان کے کھانے اور میک اپ میں زہر یا کوئی خطرناک چیز ملائی جا رہی ہے تاکہ وہ بیمار پڑ جائیں، وہ بہت خوفزدہ اور تناؤ کا شکار تھیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کبیر بیدی نے ایک موقع پر بتایا تھا کہ پروین سے ان کا رشتہ ختم نہیں ہوا تھا، بلکہ وہ خود الگ ہو گئیں کیونکہ انہیں خوف تھا کہ کبیر انہیں علاج کروانے پر مجبور کریں گے۔

واضح رہے کہ اداکار ڈینی ڈینزونگپا، کبیر بیدی اور مہیش بھٹ کے ساتھ تعلقات میں رہنے کے باوجود پروین بابی نے کبھی شادی نہیں کی۔

پروین بابی کو پیرانائیڈ شیزوفرینیا کی تشخیص ہوئی تھی۔ وہ جنوری 2005 میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ ان کی موت متعدد اعضاء کی ناکامی کی وجہ سے ہوئی تھی۔

ان کی لاش دو دن بعد 22 جنوری کو اس وقت ملی جب اس کی بلڈنگ کے سیکریٹری نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے تین دن سے اپنا اخبار اور راشن نہیں اُٹھایا۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید