پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے محمود اچکزئی کو نیا اپوزیشن لیڈر بنانے کی حمایت کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور پی ٹی آئی کے رہنما شہرام خان تراکئی نے شرکت کی۔
ناصر حسین شاہ نے دوران گفتگو محمود اچکزئی کو نیا اپوزیشن لیڈر بنانے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اکثریت جسے بھی اپنا لیڈر نامزد کرے، اسے قائد حزب اختلاف بنا دینا چاہیے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کروائی جانی چاہیے۔
ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو وہاں کے حالات کی وجہ سے بہتر گاڑیاں چاہئیں، یہ مسئلہ حل کیا جانا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عالمی امداد کے بغیر سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی ہمارے بس کی بات نہیں ہے۔