پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں شبلی فراز اور عمر ایوب کو نااہل کیے جانے پر درخواستیں مقرر کی جائیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس میں 2 مرتبہ گیا کہ چار درخواستیں ابھی تک نہیں لگائیں، درخواست کے ساتھ 32 کتابیں شامل ہیں، آئینی بینچ نے کیس سننا ہے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کی نشست پر 30 اکتوبر کو انتخابات ہونے ہیں جبکہ عمر ایوب کی نشست پر نومبر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ درخواست دی ہے کہ اگر 30 اکتوبر سے پہلے سماعت نہ ہوئی تو یہ بیکار ہو جائے گی، ہماری درخواست ہے کہ ناانصافی نہ ہو اور کیس مقرر کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم پہلے بھی مل چکے ہیں اور تیسری درخواست دی ہے کہ کیس سنا جائے، پنجاب میں جو انتخابات ہونے جا رہے تھے اس کا بائیکاٹ کیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ این اے 18ہری پور سے عمر ایوب کی اہلیہ ہماری امیدوار ہیں، عمرایوب خان کی اہلیہ انتخابات میں حصہ لیں گی، بانی پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کی اہلیہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، وہ مان لیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے ورکرز کو کہتا ہوں کہ انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔