راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان ٹیم 138رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے کھیل کا آغاز کیا تو بابر نصف سنچری بنانے کے بعد دن کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان بھی زیادہ نہ ٹھہر سکے وہ 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
اننگز کے اختتامی لمحات میں سلمان علی آغا نے 28 اور ساجد خان کے 13 رنز کی بدولت پاکستان ٹیم 138 رنز تک پہنچ پائی۔ جس کے ساتھ جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے محض 68 رنز کا ہدف ملا۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے آج بھی پرفارمنسز کمزور رہیں، پاکستان ٹیم کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ بابر اعظم 50 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورَر رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا 28، محمد رضوان 18 رنز، سعود شکیل 11 اور ساجد خان 13 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
جنوبی افریقہ کی پرفارمنس
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے 68 رنز کا ہدف دو وکٹ پر حاصل کیا، جنوبی افریقہ کی آخری دو وکٹوں نے 169 رنز کا اضافہ کیا۔
جنوبی افریقہ کے ٹیل اینڈرز نے میچ پلٹ دیا، متو سامی نے کیئریر بیسٹ 87 رنز بنائے، کاگیسو رباڈ ا نے کئیریر بیسٹ 71 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی بیٹرز کی پرفارمنس
پاکستان ٹیم کے آخری چار بیٹرز دونوں اننگز میں ناکام ہوئے، شاہین ،نعمان، ساجد اور آصف آفریدی نے دو اننگز میں ملا کر صرف 28 رنز بنائے، شاہین آفریدی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے، ساجد خان نے پہلی اننگز میں 5 دوسری میں 13 رنز بنائے، نعمان علی پہلی اننگز میں چھ اور دوسری میں صفر پر آؤٹ ہوئے، آصف آفریدی پہلی اننگز میں چار اور دوسری میں کوئی رن نہ بنا سکے۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ کے پہلے دو دن پاکستان کی میچ پر گرفت مظبوط تھی، جنوبی افریقہ کے آٹھ کھلاڑی 235 رنز پر آؤٹ کر دیے تھے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 بنائے تھے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 404 رنز بناکر آوٹ ہو گئی تھی اور اسے میچ میں 71 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی تھی۔