راولپنڈی (نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے جمعیت علماء پاکستان (نورانی) راولپنڈی کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جے یو پی اس ملک کی بڑی سیاسی قوت ہے اس کے کارکن متحد ومنظم ہو کرسیاسی کردار ادا کرسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے پورے ملک پر کرپشن اور لاقانونیت کا راج ہے لہذا بڑھتی ہوئی کرپشن اور لاقانونیت کیخلاف مزید خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی بڑے سیاست دان اور بیباک شخصیت کے مالک تھے ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور تمام مذہبی جماعتوں کو ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر ساتھ لے کرملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی میں اہم کرداراداکررہے ہیں، وفد میں جمعیت علماء پاکستان راولپنڈی کے صدر قاری کامران، مولانا آفتاب ستی، خلیل اعوان، راجہ سعید اور بلال قادری شامل تھے۔