• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقہ سے جیت کے بعد سلمان آغا کا بابر سے دلچسپ انٹرویو

اسکرین گریب
اسکرین گریب

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے میچ میں فتح کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل پر ایک دلچسپ گفتگو کی، جہاں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی اور میچ کے اہم لمحات پر بات کی۔

سلمان علی آغا نے بابر اعظم سے ان کی بیٹنگ سے متعلق ہلکے پھلکے انداز میں انٹرویو کیا، بابر نے گفتگو کے دوران بتایا کہ بیٹنگ کے دوران اسپنرز کے خلاف کچھ مشکلات پیش آئیں، تاہم سلمان علی آغا کے ساتھ یہ منصوبہ بنایا کہ جیسے ہی کوئی گیند رینج میں آئے گی، تو اس پر چانس لیا جائے گا۔

یہ سن کر سلمان نے مسکراتے ہوئے پوچھا تو پھر آیا رینج میں؟ جس پر دونوں کھلاڑی قہقہہ لگا کر ہنس پڑے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے شاٹس پر اعتماد رکھا، خود کو بیک کیا اور اللّٰہ کے فضل سے ٹیم کو کامیابی ملی۔

سلمان علی آغا نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر کی اننگز سے ناصرف ٹیم بلکہ پورا پاکستان خوش ہے اور جب وہ رنز بناتے ہیں تو سب کو یقین ہوتا ہے کہ پاکستان جیت سکتا ہے۔

مزاحیہ انداز میں سلمان نے بابر سے پوچھا کہ بیٹنگ کے دوران مجھے اتنا بھگایا کیوں؟ جس پر بابر نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ آپ ہی نے تو زیادہ ڈبل رنز لیے، آخر آپ کپتان ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ پچھلے کچھ عرصے سے اپنی ٹریننگ اور فوکس پر محنت کر رہے تھے اور ہمیشہ مثبت رہنے کی کوشش کی، کبھی کبھی سب ٹھیک لگ رہا ہوتا ہے لیکن حالات آپ کے قابو میں نہیں ہوتے۔

آخر میں سلمان علی آغا نے بابر کے عزم و محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب بابر فارم میں نہیں ہوتے تو ضرور پریشان دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کے ورک ایتھکس مثالی ہیں، وہ روز باقاعدہ پریکٹس، فیلڈنگ اور محنت کرتے ہیں، یہی عادتیں انہیں ایک عظیم کھلاڑی بناتی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید