حکومتِ مصر نے دارالحکومت قاہرہ میں دنیا کے عجائبات میں سے ایک اہرامِ مصر کے قریب قدیم نوادرات کے عجائب گھر ’گرینڈ ایجپشن میوزیم (GEM)‘ کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر نے جدید دور میں ثقافتی جھلک کو اجاگر کرنے کے لیے اس عظیم الشان عجائب گھر کا افتتاح کیا ہے جس میں پہلی بار توت عنخ آمون (مصر کے فرعون میں سے ایک) کے مقبرے کو مکمل نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عجائب گھر کے اس منصوبے کو مکمل ہونے میں 20 سال کا طویل عرصہ لگا ہے۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے عجائب گھر کی افتتاحی تقریب میں دنیا بھر سے صدور، وزرائے اعظم اور شاہی خاندانوں کے افراد نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ تقریب میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں ڈرون شو اور آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا۔
آثار قدیمہ پر مبنی گرینڈ مصری میوزیم دنیا کا سب سے بڑا عجائب گھر ہے جس میں 1 لاکھ سے زائد نوادرات نمائش کے لیے موجود ہیں۔
یہ نوادرات قبل از شاہی دور سے لے کر یونانی اور رومن عہد تک تقریباً 7 ہزار سال پر محیط ملک کی تاریخ کی عکاسی کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عجائب گھر میں رکھے توت عنخ آمون کے مقبرے سے ملنے والے 5 ہزار سے زائد نوادرات خاص توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جن میں فرعون کا سنہری ماسک، تخت، تابوت اور ہزاروں قدیم خزانے شامل ہیں۔ ان نوادرات کے لیے میوزیم میں 2 ہال مختص کئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ یہاں رمسیس دوم کا عظیم الشان مجسمہ بھی عجائب گھر کے مرکزی ہال میں موجود ہے۔