• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی عدالت میں سینئر وکیل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی، لوگ مدد کے بجائے ویڈیو بناتے رہے

فوٹو : بھارتی میڈیا
فوٹو : بھارتی میڈیا 

بھارتی عدالت میں سینئر خاتون وکیل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی، اس موقع پر لوگ مدد کرنے کے بجائے ویڈیو بناتے رہے۔

 ممبئی کی ایک عدالت میں آج صبح ایک سینئر خاتون وکیل مالتی پوار  کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی۔ ان کے شوہر کا الزام ہے کہ اگر انہیں بروقت طبی امداد مل جاتی تو ان کی جان بچ سکتی تھی، لیکن وہاں موجود لوگ مدد کرنے کے بجائے ان کی ویڈیو بناتے رہے۔

59 سالہ مالتی پوار ممبئی کی فیملی کورٹ، بمبئی ہائی کورٹ اور دیگر مقامی عدالتوں میں وکالت کرتی تھیں۔ وہ کمرہ عدالت میں بیٹھی ہوئی تھیں جب اچانک انہیں سینے میں درد محسوس ہوا۔ 

انہوں نے فوراً اپنے شوہر کو فون کر کے بتایا کہ طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ کچھ دیر آرام کریں گی، مگر چند منٹ بعد وہ گر پڑیں، انہیں فوری طور پر  اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

خاتون وکیل کے شوہر رمیش پوار کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی کو بروقت مدد نہیں ملی، کسی نے میری بیوی کو سی پی آر نہیں دیا، نہ ہی انہیں قریب واقع جی ٹی اسپتال لے جایا گیا، جو عدالت سے چند قدم کے فاصلے پر ہے۔

رمیش پوار کا کہنا تھا کہ وہاں موجود لوگ موبائل نکال کر ویڈیو بناتے رہے،  اگر مدد وقت پر مل جاتی تو شاید وہ زندہ ہوتیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید