• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا سے ون ڈے سیریز، نیا کپتان، نئی آزمائش، پہلا میچ آج ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے نئے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں کٹھن آزمائش کا سامنا ہے۔ منگل سے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی میزبانی کررہا ہے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے۔ اس ون ڈے سیریز سے قبل دونوں ٹیمیں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے پاکستان ٹیم کی قیادت اعزاز ہے۔ یہ ذمہ داری بخوبی نبھانے کی کوشش کروں گا۔ جنوبی افریقاکے خلاف اس سیریز میں اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔ ہم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی کھیلی ہے ، جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے اسے نبھانا ہے۔ اس وقت ان کی توجہ ون ڈے پر ہے کہ کس طرح کارکردگی کو بہتر کرنا ہے۔ بابراعظم کے بارے میں شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ آخری ٹی ٹوئنٹی کی اننگز سے یقیناً ان کا اعتماد بڑھا ہوگا اور دوتین اننگز میں ناکامی کی وجہ سے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بابراعظم اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقاکے درمیان 87 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں پاکستان نے34 جیتے ہیں جبکہ 52 میں جنوبی افریقانے کامیابی حاصل کی ہے۔ گذشتہ سال پاکستان نے پہلی بار جنوبی افریقا کو اس کی سرزمین پر تین صفر سے شکست دی تھی۔ جنوبی افریقا کی کپتانی میتھیو بریٹ کی کریں گے۔ توقع ہے کہ پاکستان کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور فخر زمان کریں گے۔ بابر اعظم تیسرے، سلمان آغا چوتھے، محمد رضوان پانچویں ، حسین طلعت چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ محمد نواز اور فہیم اشرف آل رائونڈرز ہوں گے۔ فاسٹ بولروں میں حارث رئوف ، شاہین آفریدی جبکہ ابرار احمد اسپنر ہوں گے۔ سیریز کیلئے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شاہین شاہ آفریدی ( کپتان )، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخرزمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سلمان علی آغا۔