اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پابندی کی درخواست کے حوالے سے وکیل سلمان اکرم راجہ کو ان سے ملنے کی اجازت دے دی۔
بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کے باعث پابندی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔
دوران سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے سوال کیا کہ جن اتھارٹیز نے آنا تھا وہ کہاں ہیں؟
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے 24 مارچ کے آرڈر کے باوجود ملاقات نہیں ہوئی، آج منگل ہے بانی سے ملاقات کا دن ہے، میں نے بانی سے مل کر اس کیس سے متعلق ہدایت لینی ہے، ملاقات کے کیس میں ابھی جو لارجر بینچ کا آرڈر آیا ہے وہ ابھی ہمیں ملا نہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ میں نے دستخط کر دیے ہیں، آرڈر آپ لے لیں۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پہلے ہم بہت سے آرڈرز کی کاپیاں لے کر گئے ہیں لیکن عمل نہیں ہوا، آج دیکھتے ہیں اس آرڈر پر عمل ہوتا ہے یا نہیں۔