پاکستانی کرکٹر اعظم خان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی شہرت اور کامیابی کچھ سابق کرکٹرز کو ہضم نہیں ہو رہی۔
اعظم خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اب تک کہ اپنے کرکٹ کیریئر کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے پاس پچھلے 10 سالوں میں سامنے آنے والے واحد ٹیلنٹڈ بیٹر ہیں، ان کے آنے سے پہلے پاکستان کرکٹ صرف فاسٹ بولنگ کی وجہ سے مشہور تھی لیکن اس بندے نے ہمیں بیٹنگ کی وجہ سے مشہور کردیا۔
اعظم خان نے کہا کہ جب ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو ان کے ارد گرد وی وی ایس لکشمن، سچن ٹنڈولکر، سہواگ اور دھونی جیسے لیجنڈز تھے لیکن بابر اعظم کے پاس کون تھا؟ کوئی بھی نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں صرف شاہد آفریدی ہی تھے جن کے پاس اسٹارڈم تھا جنہوں نے لوگوں کو کرکٹ میچ دیکھنے پر مجبور کیا اور اب ویسا اسٹارڈم بابر اعظم کے پاس ہے،جب وہ بیٹنگ کے لیے گراؤنڈ میں آتے ہیں تو لوگ خوش ہوتے ہیں مجھے لگتا ہے کہ یہ سب کچھ سابق کرکٹرز سے ہضم نہیں ہو رہا۔
اعظم خان نے مزید کہا کہ سابق کرکٹرز بھی اتنے مشہور ہوسکتے تھے اگر اس وقت بھی سوشل میڈیا موجود ہوتا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو کئی سابق کرکٹرز ان کے اسٹرائیک ریٹ، کپتانی اور کھیلنے کے انداز پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔