• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا کی شادی کی تیاریاں

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی مشہور جوڑی رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا کے مداحوں کے لیے خوشخبری آ گئی۔ 

ذرائع کے مطابق دونوں اسٹارز جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ رشمیکا نے اپنی شادی کی تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں وہ اودے پور کا دورہ بھی کر چکی ہیں۔

قریبی ذرائع کے مطابق رشمیکا حال ہی میں اودے پور گئی تھیں جہاں انہوں نے 3 روز قیام کیا اور اپنی شادی کے لیے ممکنہ مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ خود تمام انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ اُن کے خاص دن میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔

بھارتی میڈیا نے ایک ذریعے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ یہ بالکل درست ہے کہ رشمیکا اودے پور میں ممکنہ مقامات دیکھنے گئی تھیں، انہوں نے شہر کے مشہور ریزورٹس اور جھیل کنارے مقامات کا معائنہ کیا، اودے پور اپنے محل نما ہوٹلوں اور دلکش مناظر کے لیے مشہور ہے اور رشمیکا کا خیال ہے کہ یہ جگہ وجے کے ساتھ اُن کی نئی زندگی کے آغاز کے لیے بہترین ثابت ہو گی۔

اگرچہ مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رشمیکا اور وجے اگلے سال فروری میں شادی کریں گے، لیکن ذرائع کے مطابق ابھی تک اودے پور میں کسی قسم کی بُکنگ نہیں کی گئی، رشمیکا چاہتی ہیں کہ شادی شاندار انداز میں ہو اور اودے پور اُن کے ذہن میں نمایاں ہے، مگر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے وجے کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں واقعی اگلے سال شادی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ شادی جنوبی ہند اور راجستھانی روایات کا حسین امتزاج ہوگی۔

ذرائع کے مطابق یہ تقریب محدود پیمانے پر ہو گی جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ رشمیکا اور وجے کی جوڑی پہلے ہی لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکی ہے، اب اُن کی شادی کی خبر نے خوشیوں کو دو چَند کر دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید