بھارت کے فرسٹ کلاس کرکٹر نے کھیل میں نئی تاریخ رقم کردی، آکاش کمار چوہدری نے حیرت انگیز کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
26 سالہ آکاش کمار چوہدری نے رانجی ٹرافی کے گروپ میچ میں میگھالیہ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اروناچل پردیش کے خلاف مسلسل 8 گیندوں پر 8 چھکے لگا کر تاریخ رقم کی ہے۔
ویسے تو کرکٹ کے کھیل میں مسلسل 6 گیندوں پر 6 چھکے بھی کارنامہ قرار پاتا ہے لیکن آکاش کمار نے حیرت انگیز پرفارمنس دی، ساتھ ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کر ڈالی۔
فرسٹ کلاس بیٹر 8ویں نمبر پر بیٹنگ کےلیے آئے اور صرف 9 منٹ میں 11 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 50 رنز مکمل کیے، اُس وقت ٹیم کا اسکور پہلے ہی 6 وکٹ پر 576 رنز تھا۔
وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں 6 چھکے لگانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے پہلے گیری سوبرز (1968) اور روی شاستری (1985) بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
آکاش کمار چوہدری سے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ورلڈ ریکارڈ سابق انگلش کرکٹر وین وائٹ کے پاس تھا، انہوں نے 2012ء میں 12 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔
بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر کی اننگز میں کوئی چوکا شامل نہیں تھا صرف 8 چھکے شامل تھے، یہ پہلے موقع ہے جب کسی بیٹر نے مسلسل 8 چھکے لگائے ہیں۔