مانچسٹر (این این آئی)مانچسٹر اور گردو نواح میں رہنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور نادرا کے کارڈ کے حصول میں شدید مشکلات کاسامنا کر نا پڑا رہا ہے ، منڈی اور گجرات سے تعلق رکھنے والے ایجنٹ مافیا عوام سے منہ مانگے دام وصول کر نے لگے جس پر پاکستانی کمیونٹی نے وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف ،ڈپٹی وزیر اعظم ووزیر خارجہ محمد اسحق ڈار اور پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ (نائیکوپ کارڈ)کاحصول سخت مشکل ہوگیا ہے ، پہلے تو درخواست گزاروں کو اپنے پاسپورٹ اور نائیکوپ کارڈ وغیرہ کےلئے پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر سے کسی بھی وقت اپائنٹمنٹ ملتی ہی نہیں اگر کوئی درخواست گزار کسی ذرائع سے اپائنٹمنٹ لینے میں کامیاب ہو جائے تو اس کے پاسپورٹ اور نادرا کی درخواست پر اعتراض لگا کر واپس بھیج دیا جاتا ہے پھر دوبارہ اپائنٹمٹ نہیں ملتی جس کے باعث درخواست گزار قونصلیٹ نہیں پہنچ سکتے۔ دوسری جانب پاکستان کے شہروں منڈی بہاؤ الدین اور گجرات سے تعلق رکھنے والے ایجنٹ مافیا بھی سرگرم ہوگئے ہیں جو نہ صرف ویب سائٹ بلکہ ٹریول ایجنٹ کے ذریعے آپریٹ کررہے ہیں اور وہ منہ مانگے دام وصول کر نے لگے ہیں ۔