پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کا منفرد مگر ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔
گزشتہ روز بابراعظم راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے کے دوران صرف 29 رنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح انہوں نے ویرات کوہلی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کیا۔
سری لنکا کے خلاف انہوں نے اپنی 29 رنز کی اننگز میں خوبصورت شاٹس کھیلے، لیکن 24ویں اوور میں ونندو ہسارانگا کی ایک گیند پر بولڈ ہو گئے۔
بابر اعظم نے انٹرنیشنل میچ میں آخری سنچری 2023 میں نیپال کے خلاف بنائی تھی۔ اس طرح انہیں انٹرنیشنل سنچری بنائے ہوئے 83 اننگز گزر چکی ہیں، جس کے ساتھ وہ ویرات کوہلی کے ریکارڈ کے برابر آ گئے ہیں۔
اس فہرست میں سری لنکا کے لیجنڈ کھلاڑی سنتھ جے سوریا سرفہرست ہیں، انہوں نے 88 اننگز تک سنچری اسکور نہیں کی تھی۔
واضح رہے کہ بابراعظم کے سنچری اسکور نہ کرنے کے باوجود پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز اسکور کئے تھے، جبکہ سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔